ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق طیارے میں لیبیا کے چیف آف جنرل سٹاف سمیت 5 افراد سوار تھے، طرابلس جانے والا طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا۔ لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ نے آرمی چیف کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔
ترک وزارت داخلہ کے مطابق طیارے سے انقرہ میں ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کے بعد رابطہ منقطع ہوا تھا، فلائٹ ریڈار کے مطابق محمدالحداد کا طیارہ ٹیک آف کے 16 منٹ بعد ریڈار سے اچانک غائب ہوا تھا، جو انقرہ سے 32400 فٹ کی بلندی پر پہنچ کر لاپتہ ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا، سخت اسلحہ قوانین کی منظوری
ترک وزیر داخلہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ طیارے کے ملبے تک پہنچ گئے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حادثے کے بعد انقرہ ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معطل کر دی گئیں۔
ترک میڈیا کے مطابق لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید دبیبہ نے انقرہ میں لیبیا کےآرمی چیف کا طیارہ گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے تعزیتی بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم سانحہ قوم، آرمی اور ملک کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جن لوگوں کو کھو دیا ان کے خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ کی وزارتِ دفاع نے رواں ہفتے کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ لیبیا کے چیف آف جنرل اسٹاف انقرہ کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے اپنے ترک ہم منصب اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان جاری فوجی اور سیکیورٹی تعاون کا حصہ تھا۔