سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم کیخلاف اہم کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا
بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف اہم مقدمے کا فیصلہ کل سنایا جائے گا۔
فائل فوٹو
ڈھاکہ: (سنو نیوز) بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف اہم مقدمے کا فیصلہ کل سنایا جائے گا۔

بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد پر انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ ہے، استغاثہ نے شیخ حسینہ واجد کے لئے سزائے موت کی درخواست کر رکھی ہے۔

سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد پر دوہزار چوبیس میں طلبہ تحریک کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات دینے اور وسیع پیمانے پر ہلاکتوں کا الزام ہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس بنگلہ دیش میں ہونے والے احتجاج اور پرتشدد مظاہروں کے دوران تقریباً ایک ہزار 400 افراد جاں بحق ہوئے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف عدالتی فیصلہ آنے سے قبل بنگلہ دیش میں پر تشدد واقعات کی لہر چل پڑی، احتجاجی مظاہروں کے دوران عوامی لیگ کے کئی مظاہرین کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فضائیہ کا طیارہ چنئی کے قریب کریش کر گیا

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عوامی لیگ پارٹی نے شیخ حسینہ پر مقدمے کے خلاف احتجاج کے لئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر رکھا ہے، کشیدکی کے پیش نظر حکومت نے حفاظتی اقدامات میں اضافہ کر دیا جبکہ دارالحکومت ڈھاکا میں میں فوج کو تعینات کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں شیخ حسینہ واجد نے بنگلہ دیش میں پرتشدد مظاہروں اور متعدد مظاہرین کی ہلاکتوں کے بعد وزارت عظمیٰ کے منصب سے استعفیٰ دیا تھا اور بعدازاں وہ بھارتی شہر اگرتلہ پہنچیں۔