صدی کا سب سے بڑا طوفان 'ملیسا' کیوبا کے ساحل سے ٹکرا گیا
صدی کا سب سے بڑا طوفان ملیسا جمیکا میں تباہی مچانے کے بعد کیوبا کے ساحل سے بھی ٹکرا گیا۔
فائل فوٹو
کیوبا: (سنو نیوز) صدی کا سب سے بڑا طوفان ملیسا جمیکا میں تباہی مچانے کے بعد کیوبا کے ساحل سے بھی ٹکرا گیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق طوفان کے خدشے کے پیش نظر کیوبا کے مختلف علاقوں سے اب تک 7 لاکھ سے زائد لوگ اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ علاقوں میں منتقل ہو چکے ہیں۔

امریکی نیشنل ہریکن سینٹر کے مطابق کیٹیگری 5 کے اس خطرناک طوفان کے باعث جمیکا میں 185 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں، جمیکا اور کیوبا میں شدید بارشوں،سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

حکام کے مطابق طوفان سے اب تک 7 افراد ہلاک ہوئے چکے ہیں جن میں سے 3 کا تعلق جمیکا، 3 کا ہیٹی اور ایک کا ڈومینیشا ریپبلک سے ہے۔

ادھر جنوبی جمیکا کے سینٹ الیزبتھ علاقے میں طوفان کے نتیجے میں درخت، بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے جبکہ گھروں کی چھتیں اڑ گئیں اور پچاس ہزار سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو گئے ، جنوبی جمیکا میں طوفان کے باعث مواصلاتی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت، مشرقی ساحل پر طوفان کا خدشہ، سکول بند، ریل اور پروازیں متاثر

جمیکا کے وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ملک کا کوئی بھی انفرا اسٹرکچر کیٹیگری فائیو کے طوفان کو برداشت کرنے کے قابل نہیں ہے۔

حکومت کی جانب سے ایمرجنسی کا نفاذ کرتے ہوئے فوجی دستے تعینات کر دیے گئے جبکہ متاثرہ علاقوں سے مقامی افراد کے انخلا کا عمل جاری ہے تاہم تمام تعلیمی اداروں، ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں کو ہنگامی طور پر بند کر دیا گیا ۔

عالمی ریڈ کراس نے طوفان ملیسا کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی اور پندرہ لاکھ افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔