جاپان کی تاریخ میں پہلی بار خاتون وزیراعظم منتخب
Japan first female Prime Minister
فائل فوٹو
ٹوکیو:(ویب ڈیسک) جاپان کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار سانائے تاکائیچی ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہو گئی ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق سانائے تاکائیچی نے ایوانِ زیریں اور ایوانِ بالا دونوں ایوانوں میں واضح اکثریت حاصل کر کے یہ منفرد اعزاز اپنے نام کیا۔

واضح رہے کہ 64  سالہ سانائے تاکائیچی نے ایوانِ زیریں میں 237  ووٹ اور ایوانِ بالا میں 125  ووٹ حاصل کیے۔

کامیابی کے بعد وہ آج شام جاپان کی 104ویں وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھائیں گی۔ اس طرح جاپان، جو کئی دہائیوں سے مرد سیاستدانوں کے زیرِ اقتدار رہا، اب پہلی بار ایک خاتون کی قیادت میں داخل ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ سانائے تاکائیچی کا شمار جاپان کی قدامت پسند سیاسی جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (LDP) کی سینئر رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ وہ ماضی میں بھی مختلف اہم وزارتوں، بشمول وزارتِ داخلہ اور کمیونیکیشنز پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:وائٹ ہاؤس کا ایک حصہ گرا دیا گیا، وجہ سامنے آگئی

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تاکائیچی کی کامیابی نہ صرف جاپانی سیاست میں خواتین کی شمولیت کیلئے سنگ میل ہے بلکہ یہ عالمی سطح پر جاپان کی شبیہ کو بھی مضبوط بنائے گی۔

عالمی رہنماؤں اور خواتین رہنماؤں نے سانائے تاکائیچی کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں جاپان میں صنفی برابری، معاشی استحکام اور جدید پالیسی اصلاحات کو فروغ ملے گا۔