ہانگ کانگ ایئرپورٹ پر کارگو طیارہ سمندر میں جا گرا، دو افراد ہلاک
ہانگ کانگ کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک کارگو طیارہ رن وے سے پھسل کر سمندر میں جا گرا جس کے نتیجے میں دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
حادثے کا شکار طیارہ سمندر میں گرا ہوا ہے
ہانگ کانگ: (ویب ڈیسک) ہانگ کانگ کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک کارگو طیارہ رن وے سے پھسل کر سمندر میں جا گرا جس کے نتیجے میں دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

ایئر پورٹ حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دبئی سے آنے والا کارگو طیارہ ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مقامی وقت کے مطابق ساڑھے تین بجے اس وقت حادثے کا شکار ہوا جب لینڈنگ کے دوران توازن کھو بیٹھا ، اس حادثے کے نتیجے میں چنگاریاں بھڑکیں اور طیارہ لمحہ بھر میں سمندر میں جا گِرا۔

اس دوران طیارہ سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی گاڑی سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جان کی باز ہار گئے، ہلاک ہونے والوں کی کی عمریں 30 اور 41 سال بتائی جاتی ہیں۔

حکام کے مطابق حادثے کے دوران طیارہ دو حصوں میں تقسیم ہو گیا اور طیارے میں سوار عملے کے چار افراد کو دروازہ توڑ کر باہر نکالا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: چھوٹا طیارہ گاڑیوں پر گر کر تباہ، متعدد افراد زخمی

تفتیشی ٹیم کی جانب سے بتایا گیا کہ لینڈنگ کے دوران طیارے کی جانب سے کسی قسم کا ہنگامی سگنل نہیں دیا گیا تھا تاہم حادثے کی وجوہات میں موسم، رن وے کی حالت اور طیارے کے فنی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے ، سمندر سے طیارے کے بلیک باکس کو تلاش کرنے کی کوشش بھی جاری ہے۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق حادثے کے وقت رن وے آپریشن کے لیے بالکل محفوظ حالت میں تھا تاہم حادثے کے بعد شمالی رن وے کو بند کر دیا گیا ہے اور اسے حفاظتی جائزہ کے بعد ہی دوبارہ کھولا جائے گا۔