جمائما کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ انتقال کر گئیں
Lady Annabel Goldsmith death
فائل فوٹو
لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ 91 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لیڈی اینابیل 11 جون 1934 کو لندن میں پیدا ہوئیں۔ وہ برطانیہ کے مشہور سماجی و اشرافیہ خاندان سے تعلق رکھتی تھیں، ان کے 6 بچے تھے جن میں جمائما گولڈ اسمتھ اور سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ زیک گولڈ اسمتھ بھی شامل ہیں۔

لیڈی اینابیل کو زندگی میں کئی سانحات کا سامنا رہا، ان کے ایک بیٹے کا انتقال مغربی افریقہ میں ہوا جبکہ دوسرے بیٹے کو جنگلی شیر نے ہلاک کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ لیڈی اینابیل کے شوہر سر جیمز گولڈ اسمتھ نے لندن کے مشہور نائٹ کلب اینابیلز کا نام اپنی اہلیہ کے نام پر رکھا تھا، جو برطانوی شاہی خاندان سمیت عالمی شخصیات کی محفلوں کا مرکز مانا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سابق کرکٹر تنویر احمد کی والدہ خالقِ حقیقی سے جا ملیں

دلچسپ امر یہ ہے کہ لیڈی اینابیل کو محض 15 سال کی عمر میں لیڈی کا خطاب دیا گیا تھا۔ ان کی پہلی شادی مارک برلے سے ہوئی جو 21 سال تک قائم رہی، بعد ازاں انہوں نے 1978 میں سر جیمز گولڈ اسمتھ سے شادی کی۔

یاد رہے کہ ان کی بیٹی جمائما گولڈ اسمتھ نے 1995 میں عمران خان سے شادی کی تھی، جو بعد ازاں علیحدگی پر ختم ہوئی۔ لیڈی اینابیل کی وفات پر گولڈ اسمتھ خاندان سمیت دوست احباب نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔