
میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی کے بیشتر علاقوں میں چند سو یا ہزار روپوں میں گھر فروخت کیلئے دستیاب ہیں، اس مزے کی بات یہ ہے کہ اس خطے میں گھر خرید کر رہائش اختیار کرنے والوں کو پیسے دینے کی بجائے رقم ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق وسطی اٹلی کے خطے تسکانی کے ایک قصبے میں رہائش اختیار کرنے والوں کو 23 ہزار امریکی ڈالرز (65 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) دیے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اٹلی میں تسکانی کے خطے سینا کے قریب واقع اس قدیم قصبے راڈی کنڈولی میں کسی زمانے میں 3 ہزار افراد رہائش پذیر تھے، مگر اب وہاں کی آبادی محض 966 نفوس پر مشتمل ہے۔
اس قصبے میں 450 میں سے 100 گھر خالی ہیں اور مقامی حکام کی جانب سے آبادی کی کمی کو دولت کی مدد سے بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ پروگرام بنیادی طور پر 2 برس قبل 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا ، اس وقت اعلان کیا گیا تھا کہ وہاں کسی خالی گھر خرید کر رہنے کے خواہشمند افراد کو 23 ہزارامریکی ڈالرز ادا کیے جائیں گے جبکہ ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات کی مد میں 6 ہزار یورو اضافی دیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: نوبیل امن انعام 2025 کے فاتح کا اعلان
اب اس قصبے کو توسیع دے دی گئی ہے اور صرف گھر خریدنے میں مدد فراہم کرنے کے علاوہ پہلے 2 سال کا نصف کرایہ بھی ادا کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔
قصبہ کے میئر نے بتایا کہ اس پروگرام کو ابتدا میں 2 سال قبل متعارف کرایا گیا تھا اور اب اسے مزید توسیع دی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم رواں برس اس پروگرام کے لیے 4 لاکھ 65 ہزار ڈالرز مختص کر رہے ہیں تاکہ گھروں کی خریداری اور کرائے کی ادائیگی میں لوگوں کی معاونت کی جا سکے جبکہ مختلف دیگر سہولیات جیسے طالبعلموں کی مالی معاونت، پبلک ٹرانسپورٹ اور ماحول دوست توانائی کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے۔
میئر نے بتایا کہ یہ پروگرام ایک یورو میں گھر فروخت کرنے کے پروگرامز سے زیادہ مفید ہے کیونکہ وہاں عام طور پر گھر 50 ہزار یورو سے شروع ہوکر ایک لاکھ یورو تک فروخت ہوتے ہیں، اس قصبہ میں موجود خالی گھروں میں بیشتر گھروں کی حالت بہتر ہے مگر کچھ کو تزئین و آرائش کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کرائے کے گھر کی بات کی جائے تو قصبہ میں ایک گھر کا ماہانہ کرایہ 400 یورو ہے لیکن حکومتی سبسڈی کے باعث یہ کم ہو کر صرف 20 یورو رہ جائے گا۔
اس قصبے میں رہائش اختیار کرنے کیلئے کچھ شرائط بھی رکھی گئی ہیں جیسے کہ گھر خرید کر رہائش اختیار کرنے والوں کو وہاں کم از کم 10 سال رہنا ہوگا جبکہ کرائے پر گھر لینے کی صورت میں 4 سال تک رہائش اختیار کرنا ہو گی۔