
دھروو راٹھی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے مسلمانوں کے خلاف بھارتی میڈیا اور ہندو توا کے پراپیگنڈا کو بے نقاب کیا۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے ایک ویڈیو دکھائی جس میں ایک ہندو سفر کے دوران جہاز میں اچانک اللہ اکبر کے نعرے بلند کرتے ہوئے جہاز میں بم کی اطلاع دینے لگا جسے موقع پر دبوچ لیا گیا اور تحقیق پر معلوم ہوا یہ مسلمان نہیں بلکہ ابھے نائیک نامی ہندو ہے۔
دھروو راٹھی نے پوسٹ میں چند اور بھی مثالیں دیتے ہوئے بتایا کہ فروری 2024 میں بھارتی ریاست اتر پردیش میں بجرنگ دل کے لیڈر نے گائے کو مار کر اس کا الزام مسلمانوں پر لگانے کی کوشش کی تاکہ وہ کسی مسلمان کو جھوٹے کیس میں پھنسا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن سندور میں مودی کی تاریخی شکست کے حقائق منظر عام پرآگئے
انہوں نے بتایا کہ 2024 میں ہی 17 سال کے ایک لڑکا مسلم نام سے فیک آئی ڈی بنا کر مہاکمب کے میلے میں بم کی دھمکی دیتا ہے ، علاوہ ازیں اس واقعہ سے ایک سال قبل ایک فیک ای میل سے رام مندر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی پولیس تحقیق کے بعد پتا چلا اس سازش کے پیچھے بھی ہندو لڑکا تھا۔
بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر نے ہندو توا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ملک سے کیسی محبت ہے کہ آپ مسلمانوں کو بدنام کرنے کیلئے اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی مار رہے ہیں ، اتنے بیوقوف لوگ میں نے آج تک نہیں دیکھے۔
انہوں نے کہا کہ یہی بیوقوف لوگ مودی کے گودی میڈیا کے لیے ہتھیار کا کام کرتے ہیں، اوپر دی گئی جو خبریں ہیں وہ ابتدائی معلومات ہوتی ہے جو کہ جھوٹ پر مبنی ہوتی ہے لیکن جب حقیقت کھل کر سامنے آتی ہے تو گودی میڈیا اس کو نشر نہیں کرتا۔