
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر طائف میں واقع مشہور تفریحی مقام گرین ماؤنٹین پارک میں المناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک جھولا اچانک دورانِ سوئنگ ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں 23 افراد زخمی ہوگئے۔ جن میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ یہ ہولناک واقعہ ہفتے کے روز حدا ڈسٹرکٹ میں پیش آیا جب 360 ڈگری جھولا اچانک کسی تکنیکی خرابی کے وجہ سے گر پڑا۔
مقامی اخبار کے مطابق جھولے کا بازو درمیان جھولتے ہوئے اچانک ٹوٹ گیا جس کے باعث پورا ڈھانچہ زمین پر آ گرا۔ وہاں پر موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ جھولے کا مرکزی پول ٹوٹنے کے بعد تیزی سے پیچھے کی طرف اچھلا جس نے کئی افراد کو زخمی کیا۔ کچھ افراد جھولے سے باہر جا گرے جبکہ دیگر مشینری کے دباؤ میں آ کر زخمی ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جھولا پوری رفتار سے جھول رہا تھا کہ اچانک ایک دھماکے جیسی آواز کے ساتھ گر پڑا اور لوگوں کی چیخ و پکار بلند ہو گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: روس میں شدید زلزلہ، بحرالکاہل میں سونامی کی وارننگ جاری
واقعے کے فوراً بعد طائف کے مقامی اسپتالوں نے کوڈ یلو (Code Yellow) ایمرجنسی نافذ کر دی اور ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز فوری طور پر واقع کی جگہ پر پہنچ گئیں اور متاثرین کو نکالنے میں حصہ لیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جھولے کے ڈھانچے میں فنی خرابی یا ناقص دیکھ بھال اس حادثے کی وجہ ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ عوامی حلقوں نے پارک انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تفریحی مقامات پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔