
تفصیلات کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں جبکہ شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کے بعد سمندر میں تین سے چار میٹر بلند لہریں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد بحرالکاہل کے اطراف میں واقع کئی ممالک کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
مزیدبرآں جاپان، انڈونیشیا، فلپائن، امریکہ اور دیگر بحرالکاہل کے ممالک کو ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ہوائی کے ساحلی علاقوں سے شہریوں کی بڑی تعداد میں نقل مکانی کی جا رہی ہے۔
امریکی کوسٹ گارڈ نے تمام تجارتی اور کارگو جہازوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر بندرگاہوں کو چھوڑ دیں۔ اس کے علاوہ کیلیفورنیا، اوریگن اور جنوبی الاسکا میں بھی ہنگامی سونامی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مڈٹاؤن مین ہٹن میں فائرنگ، نیویارک پولیس افسر سمیت چار افراد جاں بحق
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق مشرقی چین کے ساحلی علاقوں میں بھی سمندری لہریں ایک میٹر تک بلند ہونے کا امکان ہے جس کے باعث مقامی انتظامیہ نے احتیاطی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
یاد رہے کہ زلزلے کے نتیجے میں ممکنہ جانی و مالی نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں فوری رسپانس کے لیے متحرک ہو چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اتنے شدید زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری رہ سکتا ہے۔