ایران یورینیم افزودہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے: سربراہ آئی اے ای اے
IAEA chief statement about Iran uranium enrichment
فائل فوٹو
تہران: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران چند ماہ کے اندر دوبارہ یورینیم کی افزودگی شروع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

رافیل گروسی نے امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے باوجود وہ مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئیں، ایران کے پاس اب بھی اتنی تکنیکی صلاحیت موجود ہے کہ وہ یورینیم افزودہ کرنے کے عمل کو جلد بحال کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ بیان امریکی حکومت کے اس دعوے کی نفی کرتا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ان حملوں کے ذریعے ایران کے جوہری پروگرام کو کئی سال پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔

گروسی کا کہنا ہے کہ ایران کا انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ نہیں ہوا، اور ایران نے بمباری کی جگہوں پر IAEA کو معائنہ کی اجازت دینے سے بھی انکار کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آیت اللہ خامنہ ای کو مارنے کا منصوبہ؟ اسرائیل کا انکشاف

 

 

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ نے IAEA کے ساتھ تعاون کو معطل کرنے سے متعلق قانون منظور کر لیا ہے، جس سے عالمی سطح پر ایران کے جوہری عزائم پر تشویش میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہے۔

IAEA  کے سربراہ نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ سفارتی راستہ اختیار کریں اور جوہری معاہدے کی بحالی کیلئے بات چیت کا عمل بحال کریں تاکہ کسی بڑے تصادم سے بچا جا سکے۔