اسرائیلی جارحیت، 12 روزہ جنگ میں 610 ایرانی شہری شہید
 اسرائیلی صیہونی فورسز کی ایران میں جارحیت کے دوران 610 ایرانی شہری شہید ہوئے۔
فائل فوٹو
تہران: (سنو نیوز) اسرائیلی صیہونی فورسز کی ایران میں جارحیت کے دوران 610 ایرانی شہری شہید ہوئے۔

 ایرانی وزارت صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق 12 روزہ جنگ کے دوران اسرائیلی حملوں میں 13 بچوں اور 49 خواتین نے جام شہادت نوش کیا، اسرائیلی جارحیت سے 185 خواتین سمیت 4 ہزار 746 ایرانی زخمی ہوئے جن میں سے 971 افراد تاحال ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جبکہ 687 افراد کی سرجریز بھی ہوئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیل کے حملوں میں ہیلتھ کیئر سٹاف کے5 اہلکار شہید ہوئے جبکہ اسرائیلی حملوں میں9 ایمبولنسز، 7 ہسپتالوں اور 4 طبی مراکز کو بھی نقصان پہنچا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی پر اتفاق کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نہ ظلم کریں گے، نہ ظلم برداشت کریں گے، ایرانی سپریم لیڈر

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر اپنے ایک پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تمام لوگوں کو مبارک ہو! اسرائیل اور ایران کے درمیان مکمل جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے، اگلے 12 گھنٹے میں جنگ کو ختم سمجھا جائے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ جنگ بندی ایران شروع کرے گا اور 12 ویں گھنٹے پر اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی شروع کی جائے گی اور پھر 24 گھنٹے بعد’12 روزہ جنگ‘ کا باضابطہ خاتمہ ہوگا، دنیا اسے سراہے گی۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے دوران دوسرا فریق پر امن رہے گا اور احترام کرے گا، دونوں ممالک کو مبارکباد دینا چاہوں گا کہ انہوں نے اس جنگ جسے 12 روزہ جنگ کہا جانا چاہیے کو ختم کرنے کے لیے ہمت اور ذہانت کا مظاہرہ کیا۔

صدر ٹرمپ کے اعلان کے بعد ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ اگر اسرائیل اپنی غیر قانونی جارحیت کو روکتا ہے، تو ایران بھی مزید جوابی کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتا۔