
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں خوفناک دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، ایران کے شمالی شہر بابولسر پر حملہ کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے تہران پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج نے تہران کے قریب ایرانی ریڈار پر حملہ کیا۔
ٹرمپ کا نیتن یاہو سے رابطہ
اسرائیلی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں امریکی صدر نے نیتن یاہو سے اصرار کیا کہ جنگ بندی برقرار رکھی جائے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے ٹرمپ کو بتایا کہ وہ حملے کو منسوخ نہیں کر سکتے ، ایران کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر ردعمل کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ کچھ دیر قبل ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو تنبیہ کی تھی کہ اب ایران پر بم مت گرانا، اپنے پائلٹس واپس بلاؤ، اگراسرائیل نے بم برسائے تو یہ سیز فائرکی سنگین خلاف ورزی ہوگی۔
ایک اور پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کبھی بھی اپنی جوہری تنصیبات کو دوبارہ تعمیر نہیں کرے گا ، اسرائیل ایران پر حملہ نہیں کرے گا، ایران کے لیے دوستانہ "پلین ویو" کرتے ہوئے تمام طیارے مڑ کر گھر کی طرف روانہ ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو نقصان نہیں پہنچے گا، جنگ بندی نافذ ہے، اس معاملے پر آپ کی توجہ کا شکریہ۔