ایران آئندہ ایک دو روز میں جوابی کارروائی کر سکتا ہے: امریکی عہدیدار
ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی اثاثوں پر خطرے کے سائے منڈلانے لگے۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (سنو نیوز) ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی اثاثوں پر خطرے کے سائے منڈلانے لگے۔

دو امریکی عہدیداروں نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو میں کہا ہے کہ ایران ایک یا دو دن میں جوابی کارروائی کر سکتا ہے ، مشرق وسطیٰ میں موجود فوجی اڈوں کو ایران جلد نشانہ بنائے گا، امریکا چاہتا ہے مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل ہو اور ایران حملہ نہ کرے۔

ایران پر امریکی حملہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہیں: سیکرٹری جنرل نیٹو

دوسری جانب نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے دی ہیگ میں پریس بریفنگ کے دوران الزام عائد کیا کہ ایران روس کے ساتھ ہے اور تہران یوکرین جنگ میں بھی ملوث ہے۔

مارک روٹے کا کہنا تھا کہ ایران پر امریکی حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہے، ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت دینا اسرائیل اور پورے خطے کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے ،واضح ہے ایران کبھی جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔

نیٹو سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ ایرانی جوہری پروگرام صرف اسرائیل کیلئے نہیں ، پورے یورپ اور امریکا کیلئے بھی خطرہ ہے ۔

جوہری تنصیبات پر حملے ہرگز نہیں ہونے چاہئیں: سربراہ آئی اے ای اے

ادھر بین الاقوامی جوہری ادارے آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی نے خبردار کیا ہے کہ جوہری تنصیبات پر حملے ہر گز نہیں ہونے چاہئیں، امریکی حملے سے فردو جوہری تنصیب کو شدید نقصان پہنچا، ابھی تک نقصان کی مکمل تفصیل نہیں بتائی جا سکتی۔

رافیل گروسی کا زور دیتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ فریقین تحمل کا مظاہر ہ کریں اور بات چیت سے مسئلہ حل کریں۔

ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے: روس

دوسری جانب روسی نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو "اپنے دفاع کا مکمل حق" حاصل ہے۔

سرگئی ریابکوف نے ماسکو اور تہران کے درمیان تزویراتی شراکت داری کو "اٹوٹ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس ایران شراکت داری کبھی ٹوٹ نہیں سکتی ۔

ایران کو فوجی امداد دینے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ماسکو ایران کے ساتھ متعدد شعبوں میں کام کر رہا ہے اور ان کے تعاون کے بارے میں مزید تفصیلات بتانا غیر ذمہ دارانہ ہوگا۔

ایران پر امریکی حملہ بین الاقوامی اصولوں کے منافی ہے: چین

دوسری جانب چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے ایران پر امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کرکے بری مثال قائم کی ہے، یہ عمل دنیا کو غلط پیغام دیتا ہے کہ بغیر ٹھوس ثبوت کے بھی حملے کیے جا سکتے ہیں۔

چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اگر آج ایک ملک کسی جوہری تنصیب پر حملہ کرتا ہے تو کل کوئی دوسرا ملک بھی ایسا کرسکتا ہے ، یہ بین الاقوامی اصولوں و قوانین کے خلاف ہے۔