پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ حسین سلامی شہید کون؟
Hossein Salami
فائیل فوٹو
تہران :(ویب ڈیسک)غیر ملکی میڈیا کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایران پر کیے جانے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں ایران کے اسلامی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی شہید ہو گئے ہیں۔

اگر یہ خبردرست ثابت ہوتی ہیں تو سلامی ایران کے سب سے سینئر فوجی رہنماؤں میں سے ایک ہیں جو حالیہ حملوں میں شہید کیے گئے ہیں۔

میجر جنرل حسین سلامی نے 1980 میں ایران-عراق جنگ کے آغاز پر پاسدارانِ انقلاب میں شمولیت کا اعلان کیا اور پھر وہ اپنی قابلیت کی بنا پرفوجی رینکس میں ترقی کرتے گئے ۔وہ امریکہ اوراس کے اتحادیوں کے خلاف سخت بیانات دینے کے حوالے سے مشہورجانے جاتے تھے۔

سن 2000 کی دہائی سے وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اور امریکہ کی جانب سے ایران کے جوہری اور فوجی پروگراموں میں کردار کے سبب انہیں کافی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کا اسرائیل کیخلاف جنگ کا اعلان متوقع،اسرائیلی میڈیا

سلامی2024 میں پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ کے طور پراپنی خدمات انجام دے رہے تھے جب ایران نے تاریخ میں پہلی بار اسرائیل پر براہِ راست فوجی حملہ کیا، جس میں ایران کی جانب سے 300 سے زائد ڈرونز اور میزائل فائر کیے گئے تھے۔

حالیہ دنوں میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث سلامی نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ ایران ہر ممکنہ خطرات، صورتحال اور حالات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

ان کا  مزید کہنا تھا کہ دشمن کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ ایران سے ویسے ہی پیش آ سکتا ہے جیسے وہ اسرائیلی محاصرے میں گھرے مظلوم فلسطینیوں سے لڑتا ہے۔ ہم جنگ کا تجربہ رکھتے ہیں اور ہر لمحہ تیار ہیں۔