تہران: ٹینکر میں خوفناک آگ، 5 افراد جاںبحق
Methanol tanker explosion in Iran
فائل فوٹو
تہران:(ویب ڈیسک) ایران کے جنوبی ساحلی شہر بوشہر کی بندرگاہ پر میتھانول سے بھرے ایک ٹینکر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جھلس کر جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے ٹینکر کو لپیٹ میں لے لیا۔ واقعہ بندرگاہ پر اُس وقت پیش آیا جب عملہ معمول کی دیکھ بھال میں مصروف تھا۔ آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ ممکنہ طور پر کسی فنی خرابی یا انسانی غفلت کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔

آتشزدگی کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں، فائر بریگیڈ اور طبی عملے نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چین کے ساتھ معاہدہ طے پانے کا اعلان

حکام نے بوشہر کے قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، جبکہ بندرگاہ کے اردگرد کے علاقوں کو خالی کرا لیا گیا ہے تاکہ مزید کسی نقصان سے بچا جا سکے۔

مقامی انتظامیہ اور ماہرین کی ٹیمیں واقعے کی تحقیقات کر رہی ہیں جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور مصدقہ معلومات کا انتظار کریں۔

واضح رہے کہ حکام کی جانب سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔