
اماراتی فلکیاتی سوسائٹی کے نگران اعلیٰ اور عرب فلکیاتی فیڈریشن کے رکن، ابراہیم الجرون نے میڈیا کو بتایا کہ فلکیاتی حساب کے مطابق ذوالحجہ کا چاند منگل، 27 مئی 2025 کو شام 7:02 پر پیدا ہوگا، جو غروب آفتاب کے بعد تقریباً 38 منٹ تک افق پر موجود رہے گا۔ اسی حساب سے یکم ذوالحجہ بدھ، 28 مئی کو ہوگا، جس کے نتیجے میں 10 ذوالحجہ، یعنی عید الاضحیٰ، جمعہ 6 جون کو ہونے کا امکان ہے۔
امارات میں عید کے موقع پر دی جانے والی چار دن کی چھٹیوں سے شہریوں اور غیر ملکی ملازمین کو سیر و تفریح اور مذہبی فرائض کی ادائیگی کا مناسب موقع میسر آئے گا۔ سرکاری دفاتر اور زیادہ تر نجی ادارے ان ایام میں بند رہیں گے۔
دوسری جانب، بنگلادیش کی حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر عوام کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے 10 روزہ تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف ایڈوائزر کے پریس سیکرٹری شفیق العالم نے اس خبر کی تصدیق اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر کی۔ ان کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عوام کو عید کی خوشیوں میں بھرپور شرکت کا موقع دیا جا سکے۔
شفیق العالم نے مزید بتایا کہ اس طویل تعطیل کے باعث سرکاری کاموں میں رکاوٹ سے بچنے کے لیے 17 مئی اور 24 مئی، دونوں ہفتہ کے دن دفاتر کھلے رکھے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بنگلادیش کی مشاورتی کونسل نے ’سائبر شوروکھا اودھدیش 2025‘ کے مسودے کو بھی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد ملک کی سائبر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
ادھر دیگر فلکیاتی رپورٹس کے مطابق، کچھ ممالک میں عید الاضحیٰ 7 جون بروز ہفتہ کو بھی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم حتمی اعلان مقامی چاند نظر آنے کی شہادت پر مبنی ہوگا۔