امریکا اور سعودی عرب کے مابین 600 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط
 امریکا اور سعودی عرب کے درمیان 600 ارب ڈالر کے معاہدے طے پا گئے۔
ریاض: (سنو نیوز) امریکا اور سعودی عرب کے درمیان 600 ارب ڈالر کے معاہدے طے پا گئے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے معاہدوں پر دستخط کیے، دونوں ممالک کے درمیان توانائی، دفاع اور معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہوئے۔

سعودی عرب کی مسلح افواج کی تربیت اور تکنیکی تعاون کےلیے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے جبکہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان صحت اور طبی ریسرچ میں تعاون کےلیے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکا سعودی عرب کو 142 ارب ڈالر کا دفاعی سامان بھی فروخت کرے گا جبکہ امریکااور سعودی عرب کے درمیان مجموعی طور پر 600 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، صدر ٹرمپ کا طیارہ سعودی حدود میں داخل ہوا تو سعودی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے اسے اپنے حصار میں لے لیا اور ایئرپورٹ پہنچایا۔

ریاض آمد پر سعودی فرمانروا محمد بن سلمان نے امریکی صدر کا استقبال کیا جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار الفاظ کا تبادلہ ہوا۔

واضح رہے کہ یہ صدر ٹرمپ کا دوسری مدت صدارت میں غیرملکی دورہ ہے، آٹھ سال قبل بھی صدر ٹرمپ جب پہلی بار منتخب ہوئے تو انہوں نے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لیے سعودی عرب کا انتخاب کیا تھا۔