
وائٹ ہاؤس میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے ہندوستان پر جوابی کارروائی کی، ایسا لگ رہا تھا یہ سلسلہ رکنے والا نہیں، میری حکومت کی کوششوں سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ رکی جس پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو ایٹمی ممالک کے درمیان خطرناک جنگ لاکھوں لوگوں کی جانیں جا سکتی تھیں، ہماری ثالَثی میں دونوں ممالک کی قیادت نے صورتحال کی سنگینی کو سمجھا اور جنگ روکنے پر آمادہ ہو گئے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نے دونوں ممالک کو کہا تھا جنگ نہ روکی تو تجارت نہیں کریں گے، امریکی انتظامیہ کی مدد سے جنگ بندی معاہدہ ممکن ہوا، امریکا پاک بھارت تجارت میں مدددینے کے لیے تیارہے، اس حوالے سے جلد پاکستان سے بات کروں گا۔
خیال رہے کہ 10 مئی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک پیغام میں کہا تھا کہ بھارت اور پاکستان سیز فائر پر رضا مند ہو گئے ہیں جس کی بعدازاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور بھارتی سیکرٹری خارجہ نے بھی تصدیق کردی۔
واضح رہے کہ پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان پر حملہ کیا اسی شب پاکستان فضائیہ نے بھارت کے تین رافیل سمیت 6 طیارے مار گرائے۔
بعدازاں بھارتی جارحیت کے جواب میں 10 مئی کی صبح پاکستان نے بھارتی جارحیت کیخلاف آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا اور بھارتی فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا جس میں خاص طور پر بھارت کے دفاعی سسٹم ایس 400 کو دو مقامات پر نشانہ بنایا گیا۔