پاکستانی ردعمل کے بعد بھارت کی معیشت ہل گئی
India stock market crash
فائل فوٹو
نئی دہلی:(ویب ڈیسک) پاکستان کے ساتھ حالیہ فضائی تصادم اور عالمی سطح پر شرمندگی کے بعد بھارت کو معاشی محاذ پر بھی بڑا دھچکا لگا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے 5 بھارتی طیارے مار گرائے جانے کے بعد بھارت میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو شدید دھچکا پہنچا، جس کا اثر فوری طور پر اسٹاک مارکیٹوں پر پڑا۔

ممبئی اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی دیکھی گئی، اور سینسیکس (Sensex) میں ہزاروں پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ سرمایہ کاروں نے بداعتمادی کے باعث تیزی سے شیئرز بیچنے شروع کر دیے، جس کے نتیجے میں بھارتی مارکیٹ کریش کر گئی۔

معاشی عدم استحکام صرف اسٹاک مارکیٹس تک محدود نہ رہا، بلکہ بھارتی روپیہ بھی دھڑام سے گر گیا۔ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 85.42 تک آ گیا، جو 8 مئی کو 84.81 روپے فی ڈالر پر تھا۔ یہ دو سال کی سب سے بڑی گراوٹ قرار دی جا رہی ہے۔

ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال صرف وقتی نہیں بلکہ طویل مدتی اثرات چھوڑ سکتی ہے، کیونکہ خطے میں کشیدگی برقرار رہنے کی صورت میں سرمایہ کاری کا بہاؤ مزید متاثر ہو سکتا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں بھارتی معیشت پر اعتماد کم ہو رہا ہے اور پاکستانی ردعمل نے بھارت کے داخلی و معاشی استحکام پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا بھی بھارت کی اقتصادی گراوٹ کو سیاسی اور عسکری ناکامی سے جوڑ رہا ہے۔ ٹیکنالوجی اور بینکنگ سیکٹرز میں سرمایہ کاری رکنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔