سعودی شہزادی جواہر بنت بندر خالقِ حقیقی سے جا ملیں
Princess Jawaher bint Bandar Death
فائل فوٹو
ریاض:(ویب ڈیسک) سعودی عرب کی معروف شاہی شخصیت شہزادی جواہر بنت بندر بن محمد بن عبدالعزیز آل سعود انتقال کرگئیں۔

سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق ایوان شاہی کی جانب سے جاری سرکاری اعلامیے میں شہزادی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے ان کیلئے دعائے مغفرت کی گئی ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق شہزادی جواہر کی نماز جنازہ ریاض کی جامع مسجد امام ترکی بن عبداللہ میں ادا کی گئی، جو عصر کی نماز کے بعد عمل میں آئی۔ اس موقع پر ریاض کے گورنر، نائب گورنر، اعلیٰ حکام، اہم شخصیات اور شاہی خاندان کے دیگر ارکان بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

شہزادی جواہر نہ صرف شاہی خاندان کی رکن تھیں بلکہ وہ اپنی سادگی، شرافت اور فلاحی کاموں کے حوالے سے بھی جانی جاتی تھیں۔ ان کی رحلت کو سعودی معاشرے میں ایک بڑا نقصان تصور کیا جا رہا ہے۔ ان کی شخصیت نے سماجی بھلائی، خواتین کی فلاح و بہبود اور انسانی خدمت میں ایک نمایاں کردار ادا کیا۔

دوسری جانب سعودی عوام نے سوشل میڈیا پر شہزادی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،ہزاروں افراد نے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔

سعودی ایوان شاہی نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے۔ شہزادی جواہر کی زندگی اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔