ڈونلڈ ٹرمپ کا غیرملکیوں کو مفت ٹکٹ اور رقم دینے کا اعلان؟
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کے لیے ایک نیا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ/ فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کے لیے ایک نیا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نوٹیسیاس کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ جو افراد رضاکارانہ طور پر امریکہ چھوڑیں گے، ہم انہیں کچھ رقم دیں گے، ہوائی ٹکٹ دیں گے، پھر اگر وہ اچھے ہوں اور ہمیں ان کی ضرورت ہو، تو ہم انہیں جلد از جلد واپس بلائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پہلے مرحلے میں ان مجرموں کو ملک سے نکالا جائے گا جو سنگین جرائم میں ملوث ہیں، ہم قاتلوں کو نکال رہے ہیں، دیگر افراد کے لیے ”سیلف ڈیپورٹیشن پروگرام“ متعارف کروایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ہوٹلوں اور زرعی شعبے کو درپیش افرادی قوت کے بحران کے پیش نظر ایسے افراد کو دوبارہ قانونی طریقے سے لانے پر غور کر رہے ہیں، کئی فارموں کو مزدوروں کی کمی کا سامنا ہے، یہ کسانوں کے لیے بہت سکون دہ ہوگا، ہم سیلف ڈیپورٹیشن کروا رہے ہیں اور ہم اسے لوگوں کے لیے آرام دہ بنائیں گے، اور ہم ان کے ساتھ مل کر انہیں قانونی طور پر ملک واپس لائیں گے۔

یاد رہے یہ منصوبہ ٹرمپ کی ماضی کی سخت امیگریشن پالیسی سے قدرے مختلف ہے، جہاں وہ غیر قانونی تارکین وطن کی جبری ملک بدری کی بات کرتے تھے۔ اس بار ان کا زور رضاکارانہ واپسی اور بعد ازاں قانونی طور پر دوبارہ داخلے پر ہے۔ اس وقت امریکہ میں موجود غیر قانونی تارکین وطن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ واپسی کے ارادے سے امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن کی ایپ کے ذریعے اپنا اندراج کروائیں۔