
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعظم عبداللہ احمد کو گزشتہ روز سانس میں دشواری کے باعث ہسپتال داخل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے، عبداللہ احمد کی فیملی نے ملائیشیا کے سابق وزیراعظم کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عبداللہ احمد مہاتیر محمد کے بعد ملائیشیا کے وزیر اعظم بنے تھے، عبداللہ احمد ملائیشیا کے پانچویں وزیر اعظم تھے، عبداللہ احمد 2003 سے 2008 تک ملائیشیا کے وزیر اعظم رہے ۔
26 نومبر 1939 کو ملائیشیا کے جزیرہ پینانگ میں پیدا ہونیوالے عبداللہ احمد نے ملائیشیا یونیورسٹی آف مالایا سے اسلامی علوم میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی، وہ 1978 میں پہلی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے۔
اپنے وزارت عظمیٰ کے دور میں انہوں نے ملائیشیا میں سائنس، تعلیم، انصاف، اور معیشت پر زور دیا جبکہ کرپشن کے خلاف ان کا سخت مؤقف رہا ، اپنے دور حکومت میں انہوں نے چھوٹے کاروباروں کو فروغ دیا۔
2008 کے عام انتخابات میں ان کی پارٹی بارسان ناسیونل کو سخت سیاسی دھچکا لگا جس کے بعد پارٹی کے اندرونی دباؤ کے باعث انہوں نے وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا اور ان کے بعد نجیب رزاق وزیراعظم بنے۔
وزارتِ عظمیٰ سے سبکدوش ہونے کے بعد عبداللہ احمد بداوی نے عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی، وہ پارٹی کے مشاورتی کردار تک محدود رہے اور کسی بھی تنازع سے دور رہنے کو ترجیح دی۔



