سعودی عرب اور یو اے ای سمیت خلیجی ممالک میں عیدالفطر منائی گئی
 سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک میں آج عید الفطر انتہائی جوش و خروش سے منائی جارہی ہے۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک میں آج عید الفطر انتہائی جوش و خروش سے منائی جارہی ہے۔

مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے جہاں لاکھوں فرزندان اسلام نماز عید ادا کرنے پہنچے، مسجد الحرام میں امام کعبہ الشیخ عبدالرحمان السدیس کی امامت میں نماز عید ادا کی گئی جبکہ جبکہ مسجد نبویﷺ میں امام شیخ عبداللہ نے عیدالفطر کی نماز پڑھائی اور خطبہ دیا۔

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے عیدالفطر کے موقع پر ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں لاکھوں عمرہ زائرین کی خدمت کا موقع ملا جس پر ہم اللہ کے شکر گزار ہیں ، عمرہ زائرین کی خدمت کرنے پر مامورمختلف شعبوں سے وابستہ افراد کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

علاوہ ازیں دبئی، قطر، بحرین، کویت، ترکیہ، روس میں بھی فرزندان اسلام آج عید الفطر منارہے ہیں، دبئی ،ابوظہبی، شارجہ اور دیگر ریاستوں میں عید کے اجتماعات ہوئے جس میں عورتوں اور بچوں سمیت فرزندان اسلام بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ فلسطین میں بھی آج عید الفطر منائی جارہی ہے جبکہ بھارت، عمان ، انڈونیشیا ، ملائیشیا اور برونائی میں عیدالفطر کل پیر کے روز منائی جائے گی ۔