
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز میانمار کے شہر منڈالے سے 17.2 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا، زلزلے کے بعد 6.8شدت کے آفٹر شاک بھی محسوس کیے گئے۔
حکام نے بتایا کہ میانمار کے شہر ٹاؤنگو میں زلزلے کے باعث ایک مسجد جزوی طور پر منہدم ہوئی جس کے ملبے تلے دب کر کم از کم 3 افراد ہلاک ہوئے جبکہ آنگ بان میں ایک ہوٹل کے گرنے سے 2 افراد کی ہلاکت اور 20 زخمی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے سے پانچ شہروں اور قصبوں میں عمارتیں زمیں بوس ہوگئیں جبکہ یانگون منڈالے ایکسپریس وے پر دو پل بھی منہدم ہو گئے، میانمار کے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق میانمار میں زلزلے کے باعث 144 افراد کی ہلاکت اور 732 افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے گورنر نے مطابق زلزلے کے نتیجے میں 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور مزید آفٹر شاکس کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔
تھائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایمرجنسی میڈیسن کے مطابق بنکاک میں زیر تعمیر فلک بوس عمارت گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ درجنوں مزدوروں کو ملبے سے نکال لیا گیا تاہم اب بھی 81 افراد ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع ہے جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کیا جارہا ہے۔