
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کے جنوب مشرقی علاقے میں ہفتے کے آخر میں جنگلات میں لگی آگ نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث وسیع پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔
ڈیزاسٹر اینڈ سیفٹی ڈویژن کے سربراہ کا کہنا ہے کہ آگ پھیلنے سے تقریباً 27 ہزار افراد کو فوری طور پر اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنا پڑی، آگ کی شدت کے باعث سڑکیں بند ہوگئیں اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا، جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حکام کے مطابق 35,810 ایکڑ رقبہ جل کر تباہ ہو چکا ہے، جو کہ 2000ء میں مشرقی ساحلی آگ سے بھی زیادہ ہے۔ اس آتشزدگی میں مقامی افراد کے علاوہ 3 فائر فائٹرز اور ایک ہیلی کاپٹر پائلٹ بھی جاں بحق ہو گئے۔
دوسری جانب آگ پر قابو پانے کیلئے بھرپور اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں، تاہم شدید دھوئیں اور متاثرہ علاقوں تک رسائی کی مشکلات کے باعث امدادی کارروائیاں سست روی کا شکار ہیں۔
واضح رہے کہ یہ تباہ کن واقعہ جنوبی کوریا کیلئے ایک بڑا قدرتی بحران بن چکا ہے۔