ایسا یورپی ملک جو غیر ملکیوں کو مفت رہائش کیساتھ مالی امداد بھی دیگا
 دنیا کے مختلف ممالک غیر ملکی باشندوں کو مفت رہائش کے ساتھ ساتھ مالی امداد فراہم کرتے ہیں۔
فائل فوٹو
روم: (ویب ڈیسک) دنیا کے مختلف ممالک غیر ملکی باشندوں کو مفت رہائش کے ساتھ ساتھ مالی امداد فراہم کرتے ہیں۔

اب بیرون ملک جانے کے شوقین افراد کے لیے بہترین موقع موجود ہے، کیونکہ ایک ملک ایسا ہے جو نہ صرف مفت رہائش فراہم کر رہا ہے بلکہ اس کے ساتھ کروڑوں روپے فنڈ بھی دے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی ملک اٹلی اپنے خوبصورت ترین خطے ترینتینو میں رہائش اختیار کرنے والوں کو ایک لاکھ یورو (تقریباً 3 کروڑ پاکستانی روپے) دے گا، ترینتینو منتقل ہونیوالے افراد کو کم از کم 10 سال تک وہاں رہائش اختیار کرنا ہو گی بصورت دیگر دی گئی رقم واپس لوٹانا ہوگی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ منصوبے کے تحت خطے کے 33 قصبوں کو اس میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، ترینتینو کی مقامی حکومت کی جانب سے اس منصوبے کیلئے ایک کروڑ یورو مختص کیے گئے ہیں، اس اقدام کا مقصد سپلائی چین کو بہتر بنانا اور مقامی معیشت کو مضبوط کرنا ہے۔

اس منصوبے کے مطابق ترینتینو میں رہائش اختیار کرنے والوں کو 80 ہزار یورو معاوضہ دیا جائے گا جبکہ 20 ہزار یورو گھروں کی تزئین و آرائش کے لیے دیئے جائیں گے۔

مزید برآں، ترینتینو میں رہنے والے افراد کو زیادہ سے زیادہ تین جائیدادیں خریدنے کی اجازت ہوگی جبکہ 45 سال سے کم عمر افراد جو پہلے سے اس خطے میں رہائش پذیر ہیں وہ اس پروگرام میں شامل ہونے کے اہل نہیں ہوں گے۔

خیال رہے کہ اٹلی کے کئی علاقوں میں نوجوانوں کی تعداد کم ہونے کے باعث معیشت اور سماجی زندگی متاثر ہو رہی ہے، جنوبی اٹلی میں اس مسئلے کا حل ایک یورو میں گھر فروخت کرنے کی صورت میں نکالا گیا تاہم اب ترینتینو کی مقامی حکومت نے غیر آباد علاقوں کو آباد کرنے کیلئے یہ ایک منفرد حکمت عملی اپنائی ہے۔