مسجد نبوی میں معتکفین کیلئے شاندار انتظامات
Masjid e Nabawi
فائل فوٹو
ریاض:(ویب ڈیسک) رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسجد نبوی میں 120 ممالک سے آئے 4,000 معتکفین کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

سعودی حکومت کی جانب سے ان معتکفین کی سہولت کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے گئے ہیں، تاکہ ان کی عبادات میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

انتظامات میں مکمل طبی سہولتیں، افطار، عشائیہ اور سحری کی فراہمی، موبائل چارجنگ اسٹیشنز، اور سامان رکھنے کیلئے لاکرز شامل ہیں۔

مردوں کیلئے مسجد کے مغربی چھت والے حصے میں اعتکاف کی جگہ مخصوص کی گئی ہے، جہاں وہ سیڑھی نمبر 6 اور 10 کے ذریعے پہنچ سکتے ہیں، جبکہ خواتین کیلئے شمال مشرقی سیکشن میں دروازہ نمبر 24 اور 25A سے داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔

معتکفین کو سہولت پہنچانے کیلئے مددگار ڈیسک، فرسٹ ایڈ مراکز، دینی رہنمائی کیلئے دروس، اور مختلف زبانوں میں ترجمے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ ہر معتکف کو ایک ذاتی نگہداشت کا کٹ اور خصوصی شناختی بینڈ دیا گیا تاکہ انہیں ان کی مخصوص جگہوں تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان شاندار انتظامات کا مقصد معتکفین کو رمضان کے آخری عشرے میں عبادت کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ مکمل سکون اور یکسوئی کے ساتھ اپنی عبادات میں مشغول ہو سکیں۔