مسجد نبویؐ میں زائرین کیلئے سکوٹر ایمرجنسی سروس شروع
 ماہ صیام کے دوران مسجد نبویؐ میں آنیوالے زائرین کو فوری طبی امداد کی فراہمی کیلئے سکوٹر سروس شروع کردی گئی۔
فائل فوٹو
مدینہ منورہ: (ویب ڈیسک) ماہ صیام کے دوران مسجد نبویؐ میں آنیوالے زائرین کو فوری طبی امداد کی فراہمی کیلئے سکوٹر سروس شروع کردی گئی۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق مسجد نبویؐ میں سکوٹر ایمرجنسی سروس کا آغاز مدینہ ہیلتھ کلسٹر کی جانب سے کیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسجد نبویؐ میں ہزاروں نمازیوں کی موجودگی کے باعث مسجد کا صحن بھرجاتا ہے جس کے باعث اکثر اوقات کسی حادثے کی صورت میں طبی ٹیموں کیلئے رش سے گزرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

تاہم اب نئی شروع ہونیوالی ایمرجنسی سکوٹر سروس سے طبی عملے کیلئے رش والے مقامات تک پہنچنا، کسی بھی ایمرجنسی کو دیکھنا اور ضرورت پڑنے پر مریضوں کو قریبی ہسپتالوں اور نگہداشت کے مراکز میں منتقل کرنا آسان ہو گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے ہے سکوٹر ایمرجنسی سروس کے آغاز سے اب تک 91 افراد اس سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، ان تمام افراد کو الشفا ہیلتھ انڈوومنٹ، حرم ایمرجنسی ہسپتال اور صفیہ اور باب جبریل ارجنٹ کیئر سینٹرز سمیت مرکزی علاقے میں صحت کے مراکز میں ریفر کیا گیا ہے۔

سعودی خبر ایجنسی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ یہ نیا اقدام زائرین کی حفاظت اور فلاح و بہبود کیلئے مدینہ ہیلتھ کلسٹر کی کوششوں کا عکاس ہے۔