فوجی طیارہ گر کر تباہ، 46 افراد لقمہ اجل بن گئے
Sudan military plane crash
فائل فوٹو
خرطوم:(ویب ڈیسک) سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے قریب ایک فوجی طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 46 افراد ہلاک ہوگئے۔

سوڈانی فوج کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں فوجی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی شامل ہیں، یہ حادثہ منگل کے روز پیش آیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سوڈانی فوجی طیارہ ایک رہائشی علاقے میں جاگرا جس کے نتیجے میں کئی گھر بھی تباہ ہوگئے۔

سوڈانی میڈیا نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ طیارہ ایک عام شہری کے گھر پر گرا، جس سے مزید جانی و مالی نقصان ہوا۔

طیارہ گرنے کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئ تھیں، تاہم اس تباہ کن حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ سوڈان 2023 سے خانہ جنگی کا شکار ہے اور فوج ریپڈ سپورٹ فورس (RSF) نامی ایک مسلح تنظیم کے خلاف جنگ میں مصروف ہے، جو پہلے سرکاری فوج کے ساتھ مل کر کام کر رہی تھی۔ اس پرتشدد حالات میں ایسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے طیارہ حادثہ سوڈان کی موجودہ سیاسی اور فوجی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے۔

دوسری جانب سوڈانی حکام نے اس حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ کر بچاؤ کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس دل دہلا دینے والے واقعے نے پورے سوڈان میں غم کی لہر دوڑا دی ہے۔