
بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق دھمکی آمیز فون کال ممبئی پولیس کو موصول ہوئی، جس میں کہا گیا کہ امریکی دہشت گرد بھارتی وزیر اعظم کے طیارے کو دھماکے میں اُڑا دیں گے۔
فون کال کرنے والے نے مزید کہا کہ یہ وہی دہشت گرد گروہ ہے جنہوں نے 6 ماہ قبل امریکہ میں طیارے کو مار گرایا تھا، جس میں 6 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
دھمکی دینے والے شخص نے بتایا کہ اسی گروپ نے ہی طیارے میں بم رکھ دیا ہے اور اب مودی کو مرنے سے کوئی بھی نہیں بچا سکے گا۔
دوسری جانب دھمکی آمیز فون کال موصول ہونے پر ممبئی پولیس نے فوری طور پر سیکیورٹی ایجنسیز کو اطلاع دی اور سیکیورٹی کلیئرنس تک طیارے کو پرواز سے روک دیا گیا۔
بعد ازاں طیارے سے کچھ بھی برآمد نہ ہونے پر طیارے کو پرواز کیلئے کلیئرنس دے دی گئی،ادھر کالر نے اپنا فون بند کردیا جس کے باعث اس کی تلاش میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
تاہم تحقیقات کے دوران پتا چلا کہ اس نمبر سے ماضی میں بھی پولیس کو 1400 سے زائد کالیں موصول ہوئی تھیں۔
بعد ازاں پولیس کال کرنے والے ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی،ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں ہے، تاہم تفتیشی عمل مکمل ہونے تک اسے حراست میں رکھا جائے گا۔