قطر جانے کیلئے اب ویزا کی ضرورت نہیں
Qatar Visa Free Entry
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)قطر جانے کیلئے پاکستانیوں کو ویزا کی ضرورت نہیں،اس سہولت کا فائدہ اُٹھانے کیلئے کچھ خاص شرائط ہیں جو جاننا ضروری ہیں۔

حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ پاکستانی بغیر ویزہ کے قطر جا سکتے ہیں، لیکن ان خبروں میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ یہ سہولت کس مقصد کیلئے اور کتنے دن کیلئے میسر ہے۔ 

رپورٹس کے مطابق قطر حکومت نے پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا فری انٹری کی سہولت صرف سیر و سیاحت کیلئے مختص کی ہے، یعنی جو افراد سیاحتی مقاصد کیلئے قطر جانا چاہتے ہیں، انہیں ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں۔تاہم نوکری کی تلاش یا دیگر مقاصد کیلئے قطر جانے والے پاکستانیوں کو یہ سہولت دستیاب نہیں۔ 

خیال رہے کہ ویزا فری انٹری کے تحت پاکستانی شہری قطر پہنچنے کے بعد وہاں 30 دن تک قیام کر سکتے ہیں، مگر اس کیلئے چند اہم شرائط پوری کرنا ضروری ہیں۔ سب سے پہلی شرط یہ ہے کہ قطر جانے والے فرد کے پاس کنفرم ریٹرن ٹکٹ اور ہوٹل کی بکنگ ہو۔ یعنی جتنے دن قطر میں قیام کرنا ہے، اتنے دن کی ہوٹل ریزرویشن پہلے سے کنفرم ہونا ضروری ہے۔ 

علاوہ ازیں پاکستانی شہریوں کو قطر جانے کیلئے پولیو ویکسین کارڈ بھی لینا ہو گا،قطر جانے کے خواہشمند افراد کو اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات فراہم کرنی ہوں گی، اور اس اکاؤنٹ میں کم از کم 5 ہزار قطری ریال کی رقم موجود ہونی چاہیے۔ 

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ سہولت 2022 میں قطر کی حکومت نے متعارف کرائی تھی، جس کا سب سے زیادہ فائدہ سیاحتی مقاصد کیلئے سفر کرنے والے افراد اور کاروباری کمیونٹی نے اُٹھایا۔ 

پاکستانیوں کیلئے یہ ایک بڑی سہولت ہے کہ انہیں ویزا کے بغیر قطر جانے کا موقع ملا ہے، مگر اس کیلئے تمام دستاویزات کی مکمل تیاری اور ضروری شرائط کی پابندی کرنا ضروری ہے۔ اس کے بغیر ان افراد کو قطر میں داخلے کی اجازت نہیں ملے گی۔