پی ٹی آئی کارکنان کو عدالت سے بڑا ریلیف
Pakistan Tehreek e Insaf party logo
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کو بڑا ریلیف مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج میں شامل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 56 کارکنان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کر لی ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔

واضح رہے کہ ان کارکنان کیخلاف 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے دوران مختلف مقدمات درج کیے گئے تھے، یہ مقدمات تھانہ ترنول اور تھانہ کوہسار میں درج ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کارکنان کی قانونی ٹیم کی نمائندگی سردار مصروف ایڈووکیٹ نے کی، جنہوں نے عدالت میں اپنے دلائل پیش کیے۔

درخواست گزاروں کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کیخلاف درج مقدمات جھوٹے ہیں اور ان کے مؤکلوں کا کسی قسم کی دہشت گردی یا سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سے کوئی تعلق نہیں۔

عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 56 کارکنان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کر لی۔