
واضھ رہے کہ سیسنا 208B گرینڈ کارواں طیارہ جو 9 مسافروں اور 1 پائلٹ کے ساتھ الاسکا کے شہر نوم کی طرف جا رہا تھا، جمعرات کی سہ پہر انالکلیٹ سے ٹیک آف کرنے کے بعد ریڈار سے اچانک غائب ہوگیا تھا۔ طیارہ برف پر گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار تمام 10 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ طیارہ نوم کے علاقے میں تقریباً 25 سالوں میں پیش آنے والے سب سے خوفناک ہوائی حادثات میں سے ایک ہے۔
میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق امریکی کوسٹ گارڈ کی جانب سے طیارے کے ملبے کی تصاویر جاری کی گئی ہیں، جن میں طیارہ دو حصوں میں بکھرا ہوا دکھایا گیا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا کہ یہ حادثہ موسم کی خرابی کی وجہ سے پیش آیا، جس کی وجہ سے تلاش کے عمل میں بھی مشکلات کا سامنا رہا۔
اس حوالے سے امریکی کوسٹ گارڈ کے ترجمان مائیک سالرنو نے کہا کہ طیارے کے ملبے کی تلاش کیلئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا، 2 ریسکیو تیراکوں کو طیارے کے ملبے کا جائزہ لینے کیلئے نیچے اتارا گیا۔ طیارہ جب لاپتہ ہوا، اس وقت اسے آخری بار نورٹن ساؤنڈ کے علاقے میں 3:16pm پر ریڈار پر دیکھا گیا تھا۔ اس کے بعد فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا تھا۔
مقامی حکام کے مطابق شدید خراب موسم اور کم مرئیت کی وجہ سے فضائی تلاش میں مشکلات پیش آئیں، تاہم زمینی ٹیمیں سنو مشینوں اور دیگر گاڑیوں کے ذریعے علاقے میں تلاش کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نوم فائر ڈیپارٹمنٹ اور وائٹ ماؤنٹین کے زمینی عملے نے بھی بھرپور تعاون کیا۔