
ایئرلائن کے مطابق طیارہ امریکن ایئر لائنز کی پرواز 5342 تھا، جس میں 60 مسافر اور عملے کے 4 ارکان سوار تھے، حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں 3 فوجی سوار تھے، جو تربیتی پرواز اڑا رہے تھے۔ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں سوار ایک خاتون مسافر کا حوالہ دیتے ہوئے ایک شخص نے ایئرپورٹ حکام سے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ وہ وہاں پہنچی یا نہیں۔
امریکی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ آج رات کے واقعے میں گرنے والا طیارہ ورجینیا کے شہر فورٹ بیلوار سے نکلنے والا آرمی کا یو ایچ 60 ہیلی کاپٹر تھا، ہم مقامی عہدیداروں کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور دستیاب ہونے کے بعد اضافی معلومات فراہم کریں گے۔
حادثے کے بعد درجنوں پولیس اہلکار، ایمبولینس اور ریسکیو یونٹس، جن میں سے کچھ کشتیاں لے کر جا رہے تھے، دریا کے کنارے کھڑے ہو گئے اور ریگن ہوائی اڈے کے کنارے کی پوزیشنوں پر پہنچ گئے، براہ راست ٹی وی تصاویر میں کئی کشتیوں کو پانی میں دیکھا جا سکتا ہے، جن پر نیلی اور سرخ لائٹیں لگی ہوئی ہیں۔
یاد رہے امریکا میں کمرشل ایئرلائن کو آخری بار 2009 میں حادثہ پیش آیا تھا، جب کولگن ایئر کی پرواز نیویارک میں گر کر تباہ ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 49 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔