4 دن کام، 3 دن چھٹی،ملازمین کے وارے نیارے ہوگئے
4-day workweek Holiday
فائل فوٹو
لندن:(ویب ڈیسک)ملازمت پیشہ افراد کی موجیں لگ گئیں، کمپنیوں نے اپنے ملازمین کو مستقل طور پر ایک ہفتے کے دوران 4 روز کام اور 3 دن چھٹی کرنے کی حامی بھرلی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کی 200 کمپنیاں اپنے تمام ملازمین کیلئے تنخواہوں میں کسی قسم کی کمی کے بغیر مستقل طور پر 4 دن کے ورکنگ ڈیز اور 3دن کی چھٹی کی حمایت کیلئے دستخط کر چکی ہیں۔

برطانیہ میں قائم کردہ 4 ڈے ویک فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام 4 روزہ کام کی مہم میں ملک بھر کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 200 کمپنیوں نے شمولیت اختیار کی ہے۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے "فور ڈے ویک فاؤنڈیشن" کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ کمپنیاں مجموعی طور پر 5000 سے زیادہ ملازمین کو ملازمت دیتی ہیں۔

ان ملازمتوں میں خیراتی ادارے، مارکیٹنگ اور ٹیکنالوجی کمپنیاں قابلِ ذکر ہیں،مذکورہ 200 کمپنیوں میں 30 مارکیٹنگ، ایڈورٹائزنگ اور پریس ریلیشنز، 29 خیراتی اور غیر سرکاری تنظیمیں، 24 ٹیکنالوجی، انٹرنیٹ ٹیکنالوجیز اور سافٹ ویئر کمپنیوں کے علاوہ 22 کنسلٹنسی اور مینجمنٹ کمپنیاں سرِفہرست ہیں۔ 

فاؤنڈیشن کی مہم کے ڈائریکٹر اپنے ایک بیان میں کہا کہ 5 دن کا 9 سے 5 کا ورکنگ ویک 100 سال پہلے بنایا گیا تھا، اور اب یہ موجودہ وقت کیلئے موزوں نہیں رہا،ایک طویل عرصے بعد اس میں تبدیلی کی ضرورت تھی۔

4  دن کے ورکنگ ویک کے حامیوں کے مطابق 5 دن کے کام کا طریقہ کار پرانے معاشی دور کی باقیات ہے۔