مسجد الحرام میں 40 سال سے بجلی کے بیرونی نظام استعمال نہیں ہوا
A beautiful scene of Masjid al-Haram
مسجد الحرام کا ایک دلکش منظر/فائل فوٹو
مکہ مکرمہ:(ویب ڈیسک)مسجد الحرام میں گزشتہ 40 سال سے بجلی کی فراہمی کیلئے کسی بھی بیرونی متبادل نظام کی ضرورت ہی پیش نہیں آئی۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سی ای او غازی الشھرانی نے اپنے ایک بیان میں انکشاف کیا ہے کہ مسجد الحرام میں بجلی کی فراہمی کے 11 سے زائد بنیادی اور بیک اَپ ذرائع موجود ہیں،جو یہاں کے وسیع اور اہم کاموں کو بلا تعطل چلانے کیلئے کافی ہیں۔

ایک خصوصی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے غازی الشھرانی نے کہا کہ مسجد الحرام میں 24 گھنٹے زائرین کی آمد و رفت جاری رہتی ہے،جس کے باعث یہاں خدمات کی فراہمی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 دہائیوں میں مسجد الحرام میں کبھی بھی بیرونی بیک اپ سسٹم استعمال کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی، کیونکہ یہاں کے تمام سسٹمز اور ذرائع اتنے مضبوط ہیں کہ کسی بھی بحران یا بجلی کی بندش کے بغیر کام کرتے رہتے ہیں۔

غازی الشھرانی نے مزید کہا کہ وہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے پر کام کر رہے ہیں، تاکہ مسجد الحرام میں فراہم کی جانے والی خدمات اور معیار کو مزید بہتر سے بہتر بنایا جا سکے۔اس میں اسمارٹ ایپلیکیشنز اور جدید سینسرز کا استعمال شامل ہے، جو خدمات کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں کافی مددگار ثابت ہوں گے۔