شہری کو 2 ارب 10 کروڑ روپے کا بجلی بل موصول،حقیقت کیا ہے؟
India electricity bill error
فائل فوٹو
ہمیرپور:(ویب ڈیسک)بھارت کی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع ہمیرپور میں ایک تاجر اس وقت حیرت میں مبتلا ہوگئے جب انہیں دسمبر 2024 کیلئے 2 ارب 10 کروڑ 42 ہزار 805 روپے کا بجلی کا بل موصول ہوا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بہروین جٹاں گاؤں کے رہائشی للت دھیمان جو ایک تاجر ہیں،انہیں یہ ناقابل یقین بل موصول ہوا۔ نومبر میں انہیں صرف 2500 روپے کا بجلی بل بھیجا گیا تھا، مگر دسمبر کے بل نے انہیں حیران و پریشان کردیا۔ 

للت دھیمان نے فوری طور پر بجلی بورڈ سے رابطہ کیا اور اپنی شکایت درج کروائی۔ حکام نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ یہ غیرمعمولی بل تکنیکی خرابی کی وجہ سے جاری ہوا تھا۔ بعد ازاں بل کو درست کرتے ہوئے 4 ہزار 47 روپے کر دیا گیا۔ 

واضح رہے کہ بھارت میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ گزشتہ سال بھی نومبر میں گجرات کے ولساڈ میں بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا، جہاں مسلم انصاری نامی درزی کو 86 لاکھ روپے کا بل بھیجا دیا گیا تھا۔میڈیا میں معاملہ آنے کے بعد بل کو درست کرکے 1540 روپے کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ بھارت میں بجلی صارفین کی بڑی تعداد کے باعث کبھی کبھار اس قسم کی تکنیکی خرابیاں سامنے آتی ہیں، جو صارفین کیلئے پریشانی کا سبب بنتی ہیں۔ تاہم ایسے معاملات کو جلد از جلد درست کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔