حزب اللہ کا 90 اسرائیلی فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ
Hezbollah claims to have killed 90 Israeli soldiers
بیروت:(ویب ڈیسک)حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی زمینی کارروائیوں کے آغاز کے بعد سے اب تک تقریباً 90 سے زائد اسرائیلی فوجی ہلاک اور تقریباً 750 دیگرزخمی ہوئے ہیں۔
 
حزب اللہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس نے 38 ٹینک، چار بلڈوزر، ایک ہمر اور کئی بکتر بند گاڑیاں تباہ کیں۔
 
لبنان کی حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس اعداد و شمار میں اسرائیلی دشمن کے اڈوں، مقامات، فوجی بیرکوں، بستیوں اور مقبوضہ شہروں میں ہونے والے نقصانات کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔اسرائیل نے اس اعداد و شمار پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
 
تاہم اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ گذشتہ ایک ماہ میں اس نے حزب اللہ کی بہت سی تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ اور اس کے ہزاروں فوجیوں کو ہلاک یا زخمی کیا ہے۔
 
اس عرصے کے دوران لبنانی حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ سمیت کئی رہنما اور کمانڈر مارے جا چکے ہیں۔
 
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے لبنان سے اسرائیل پر 50 راکٹ فائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ آج صبح تقریباً 50 راکٹ لبنان سے شمالی اسرائیل پر داغے گئے۔
 
اسرائیلی فوج کے اعلان کے مطابق ان میں سے کچھ راکٹوں کو روکا گیا اور کئی راکٹ مار گرائے گئے۔بتایا گیا ہے کہ ان حملوں میں انسانی و مالی نقصان ہوا اور ایک شخص ہلاک ہوا۔
 
ادھرغزہ میں حماس کے طبی حکام کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں بیت لاہیا پر اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 60 سے تجاوز کر گئی ہے۔مقامی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
 
اس رپورٹ کے مطابق اس حملے میں ایک پانچ منزلہ رہائشی عمارت تباہ ہو گئی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ملبے تلے 17 افراد دبے ہوئے ہیں۔
 
شائع ہونے والی ویڈیوز میں کئی لاشیں چادروں میں لپٹی ہوئی ہیں۔واقعے کے متعدد زخمیوں کو کمال عدوان ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جو کہ شمالی غزہ کا آخری باقی ماندہ طبی مرکز ہے اور حال ہی میں اسرائیل نے اس مرکز پر حملہ کیا تھا۔
 
کمال عدوان ہسپتال کے ایک ماہر ڈاکٹر نے بتایا ہے کہ زخمیوں میں کچھ بچے بھی شامل ہیں۔اسرائیل نے ابھی تک اس حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
 
گذشتہ چند ہفتوں کے دوران، اسرائیل نے شمالی غزہ میں ایک نیا آپریشن شروع کیا ہے جس کا مقصد اس کے بقول "حماس کی افواج کی دوبارہ حوصلہ افزائی" کو روکنا ہے۔