غزہ کے اسکول پر فضائی حملہ، 28 افراد جاں بحق

October, 10 2024
غزہ:(ویب ڈیسک)فلسطینی ہلال احمر نے کہا ہے کہ وسطی غزہ کے علاقے دیر البلاح میں ایک اسکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں 28 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
حالیہ مہینوں میں غزہ میں واقع کئی اسکولوں پر حملے کیے گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کہتی رہی ہے کہ اسکول حماس کے زیر استعمال ہیں۔
اس کے علاوہ اسرائیل لبنان کے دارالحکومت بیروت سمیت جنوبی لبنان پر حملے کر رہا ہے۔ اس میں پانچ ہیلتھ ورکرز کی موت ہو گئی ہے۔ جواب میں حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر راکٹوں سے حملہ کیا۔
خیال رہے کہ حماس نے 7 اکتوبر 2023 ء کو اسرائیل پر حملہ کیا تھا۔ اس کے جواب میں اسرائیلی فوج غزہ میں زمینی اور فضائی کارروائیاں کر رہی ہے۔
بعد ازاں اسرائیل ڈیفنس فورس یعنی آئی ڈی ایف نے جمعرات کو غزہ میں اسکول پر فضائی حملے پر ایک بیان جاری کیا۔
اسرائیل کی دفاعی افواج نے کہا، "اس نے دیر البلاح میں واقع ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے کام کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف ایک درست حملہ کیا ہے۔"
"دہشت گرد IDF فوجیوں پر حملے کرنے کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز کا استعمال کرتے ہیں۔"جبکہ حماس کئی بار ان الزامات کو مسترد کر چکی ہے۔