بل گیٹس پہلی بار دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی فہرست سے باہر
Bill Gates
نیویارک:(سنو نیوز) مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس پہلی دفعہ دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی فہرست میں جگہ نہیں بنا پائے،1991 کے بعد سے یہ پہلا ایسا موقع ہے کہ بل گیٹس دنیا کے سب سے زیادہ دولت مند افراد کی فہرست میں ابتدائی 10 شخصیات سے تنزلی کا سفر کرتے ہوئے 12 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

 بین الاقوامی جریدے فوربس کی جاری کردہ حالیہ رپورٹ کے مطابق ان کی مجموعی دولت میں کمی کا ایک اہم سبب ان کی سابقہ اہلیہ ملینڈا فرینچ گیٹس کے ساتھ 2021 میں ہونے والی طلاق ہے،جس کے بعد انہیں اپنی دولت کا ایک بڑا حصہ تقسیم کرنا پڑا تھا۔

فوربس کی جانب سے جاری کردہ تازہ فہرست کے مطابق دنیا کے امیر ترین افراد میں ٹیکنالوجی،ای کامرس اور دیگر بڑے کاروباری شعبوں سے وابستہ شخصیات شامل ہیں۔اس فہرست میں ایلون مسک جو کہ اسپیس ایکس، ٹیسلا اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے مالک ہیں،پہلے نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ٹھرے ہیں۔ایلون مسک کی مجموعی دولت کی مالیت 248 بلین ڈالرز سے تجاوز کر گئی ہے،جس کی وجہ ان کے مختلف کاروباروں کی بے پناہ ترقی ہے۔

ٹاپ 10 امیر ترین افراد کی فہرست

1. ایلون مسک

مجموعی دولت:248 بلین ڈالرز 

کاروبار: ٹیسلا، اسپیس ایکس، ایکس (سابقہ ٹوئٹر)

2. لیری ایلسن 

مجموعی دولت: 135 بلین ڈالرز 

کاروبار:اوریکل (Oracle)

3. جیف بیزوس 

مجموعی دولت:125 بلین ڈالرز 

کاروبار:ایمیزون (Amazon)

4. مارک زکربرگ

مجموعی دولت:115 بلین ڈالرز 

کاروبار:میٹا (سابقہ فیس بک)

5. برنارڈ آرنالٹ اینڈ فیملی

مجموعی دولت:108 بلین ڈالرز

کاروبار: ایل وی ایم ایچ (LVMH)

6. ویرن بفیٹ

مجموعی دولت: 106 بلین ڈالرز 

کاروبار: برکشائر ہیتھاوے (Berkshire Hathaway)

7. لیری پیج

 مجموعی دولت: 104 بلین ڈالرز 

کاروبار:گوگل (Alphabet)

8. امانسیا اوٹیگا

مجموعی دولت: 96 بلین ڈالرز 

کاروبار: زارا (Zara)

9. سرگئی برن

مجموعی دولت: 95 بلین ڈالرز 

کاروبار: گوگل (Alphabet)

10. مکیش امبانی

 مجموعی دولت: 92 بلین ڈالرز 

کاروبار: ریلائنس انڈسٹریز (Reliance Industries)

بل گیٹس کی فہرست میں تنزلی کے پیچھے کئی عوامل ہیں،جن میں سب سے اہم ان کی سابقہ اہلیہ ملینڈا گیٹس کے ساتھ ہونے والی طلاق ہے، جس کے بعد انہیں اپنی دولت کا بڑا حصہ بانٹنا پڑا تھا،علاوہ ازیں بل گیٹس نے حالیہ برسوں میں اپنی دولت کا ایک بڑا حصہ فلاحی کاموں اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کو عطیہ کر دیا ہے۔اس فاؤنڈیشن کا مقصد عالمی سطح پر صحت، تعلیم اور غربت کے خاتمے کے لیے کام کرنا ہے۔

دوسری جانب ایلون مسک دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں اپنی پوزیشن مستحکم کر چکے ہیں۔ان کی دولت کا ایک بڑا حصہ اسپیس ایکس کے کامیاب پروجیکٹس، ٹیسلا کی تیز رفتار ترقی اور حال ہی میں ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے حصول کی وجہ سے بڑھا ہے۔ مسک نے حالیہ برسوں میں ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنی گرفت مضبوط کی ہے اور دنیا کے سب سے زیادہ اثر و رسوخ رکھنے والے کاروباری شخصیات میں شمار کیے جاتے ہیں۔

دنیا کے امیر ترین افراد کی اس فہرست میں ٹیکنالوجی سے وابستہ شخصیات کی حکمرانی ہے۔ایلون مسک، لیری ایلسن، جیف بیزوس، مارک زکربرگ، اور گوگل کے بانی لیری پیج اور سرگئی برن جیسے نام نہ صرف اپنی دولت بلکہ عالمی معیشت پر بھی اثرانداز ہو رہے ہیں۔اس کے علاوہ مکیش امبانی کا بھارت سے اس فہرست میں شامل ہونا ایشیائی معیشت کی بڑھتی ہوئی طاقت کو ظاہر کرتا ہے۔

اگرچہ بل گیٹس اس وقت 12ویں نمبر پر ہیں مگر ماہرین کا ماننا ہے کہ ان کے پاس اب بھی بڑی کاروباری صلاحیتیں موجود ہیں۔ ان کی مستقبل کی سرمایہ کاری اور نئی شروعات انہیں دوبارہ سے ٹاپ 10 میں واپس لا سکتی ہیں،مگر فی الحال ان کی توجہ فلاحی کاموں اور دنیا بھر میں مختلف پروجیکٹس پر مرکوز ہے۔

خیال رہے کہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست ہر سال بدلتی رہتی ہے، اور اس میں شامل شخصیات کی دولت اور کاروباری حکمت عملی اس تبدیلی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ بل گیٹس کا پہلی بار ٹاپ 10 سے باہر ہونا ایک اہم موڑ ہے، مگر یہ دیکھنا باقی ہے کہ آنے والے سالوں میں ان کی مالی حکمت عملی اور کاروباری فیصلے انہیں کس مقام پر لے جاتے ہیں۔