بے روزگاری کی ذمہ دار بی جے پی حکومت ہے:راہول گاندھی
October, 2 2024
نئی دہلی:(ویب ڈیسک)بھارتی لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے مودی حکومت کو ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
سونی پت میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے ملک میں روزگار کے تمام مواقع ختم کر دیے ہیں، جس کے نتیجے میں نوجوان روزگار کے لیے بیرون ملک جانے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر ہریانہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے نوجوان روزگار کی تلاش میں امریکہ اور دیگر ممالک کا رخ کر رہے ہیں، جہاں وہ اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے محنت مزدوری کر رہے ہیں۔
راہول گاندھی نے امریکا میں ہریانہ کے نوجوانوں سے ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان نوجوانوں نے انہیں بتایا کہ ہریانہ میں ایک طرف بے پناہ مہنگائی ہے اور دوسری طرف بے روزگاری نے ریکارڈ سطح کو چھو لیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ صورتحال نوجوانوں کے لیے انتہائی تشویشناک ہے اور انہیں اپنی زمین چھوڑنے پر مجبور کر دیا گیا ہے۔
بی جے پی حکومت پر طنز کرتے ہوئے راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ حکومت نے فوجیوں کی پنشن کی رقم اڈانی جیسے کاروباری افراد کی جیبوں میں ڈال دی ہے۔ انہوں نے اگنیور یوجنا کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے حکومت نے نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلا ہے۔
ان کے بقول، یہ اسکیم نہ صرف نوجوانوں کو فوج میں مختصر مدت کے لیے ملازمت فراہم کرتی ہے، بلکہ ان کی طویل مدتی نوکری کے امکانات کو بھی ختم کرتی ہے۔
راہول گاندھی نے مودی حکومت پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کے مسائل پر توجہ دے اور ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے تاکہ نوجوانوں کو بیرون ملک جانے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی معاشی پالیسیوں نے بھارت کو ترقی کی بجائے بحران کی طرف دھکیل دیا ہے۔