تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر چنہاٹ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے،جہاں آن لائن آئی فون کا آرڈر دینے والے ایک شخص نے ڈیلیوری بوائے کو پیسے دینے کے بجائے اس کا قتل ہی کر دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ملزم نے موبائل فون حاصل کرنے کے بعد 23 سالہ ڈیلیوری بوائے بھرت ساہو کو موت کے گھاٹ اتار دیا،واقعہ میں ملوث 30 سالہ ملزم گنجنان نے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا آئی فون فلپ کارٹ سے آن لائن آرڈر کیا تھا اور ادائیگی کا طریقہ کیش آن ڈیلیوری منتخب کیا۔جب ڈیلیوری بوائے بھرت ساہو موبائل پہنچانے اس کے گھر آیا تو ملزم نے اپنے ساتھیوں کی ملی بھگت سے پیسے دینے کے بجائے اس کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔بعدازاں قاتلوں نے مقتول کی لاش کو اندرا کینال میں بہا دیا۔
بھارت پولیس کے مطابق بھرت ساہو کی گمشدگی پر اہل خانہ نے 25 ستمبر کو اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی،پولیس نے معاملے کی چھان بین شروع کی اور کال ریکارڈز کی مدد سے ملزم گنجنان تک رسائی حاصل کی،تفتیش کے دوران پولیس نے ملزم کے دوست آکاش کو حراست میں لیا،جس نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے موبائل فون حاصل کرنے کے بعد بھرت ساہو کو قتل کیا اور لاش کو کینال میں پھینک دیا۔
بعد ازاں پولیس نے لاش کی تلاش کیلئے سٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کو طلب کیا،مگر تاحال بھرت ساہو کی لاش کینال سے برآمد نہیں کی جا سکی۔