بھارتی سپریم کورٹ کا آفیشل یوٹیوب چینل ہیک
Indian Supreme Court Official Youtube Channel Hack
نئی دہلی: (ویب ڈیسک)بھارتی سپریم کورٹ کا آفیشل یوٹیوب چینل ہیک ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں ہیکرز نے چینل پر کرپٹو کرنسی کی تشہیر کرنے والی ویڈیوز اپلوڈ کر دیں۔
 
 یہ واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا، جب ہیکرز نے سپریم کورٹ کے چینل پر امریکی کمپنی Ripple Labs کی تیار کردہ کرپٹو کرنسی کے اشتہارات چلائے۔
 
ہیکرز نے سپریم کورٹ کے یوٹیوب چینل پر ایک خالی ویڈیو اپلوڈ کی، جس کے کیپشن میں لکھا گیا کہ "بریڈ گارلنگ ہاؤس، رپل ریسپانڈ ٹو دا ایس ای سی 2 بلین ڈالر فائن، ایکس آر پی پرائس پریڈکشن"۔ اس ویڈیو کے ساتھ دیگر اشتہارات بھی چلائے گئے، جس سے ناظرین کو شدید حیرت ہوئی۔
 
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب سپریم کورٹ کی کارروائی کو براہ راست دیکھا جا رہا تھا، اچانک ہیکرز کے اشتہارات نشر ہونا شروع ہوگئے۔ اس صورتحال نے عدالتی کارروائیوں کے حوالے سے ایک سنجیدہ سوال اٹھایا ہے کہ کس طرح ایک اہم ادارے کے آفیشل چینل کو ہیک کیا جا سکتا ہے۔
 
بھارتی سپریم کورٹ نے ہیکنگ کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ فی الحال عدالت کی ویب سائٹ سے یوٹیوب چینل کا لنک ہٹا دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "تمام متعلقہ افراد کو مطلع کیا جاتا ہے کہ سپریم کورٹ آف انڈیا کے یوٹیوب چینل کو ہٹا دیا گیا ہے۔" بیان میں مزید کہا گیا کہ "یوٹیوب چینل پر خدمات جلد ہی دوبارہ شروع کی جائیں گی۔"
 
یہ واقعہ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ سیکیورٹی کے مسائل پر بحث کو بھی بڑھا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب عوامی اداروں کے تحفظ کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ 
 
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات کا سامنا کرنے کے لیے مضبوط سائبر سیکیورٹی پروٹوکولز کی ضرورت ہے تاکہ ایسے حملوں کو روکا جا سکے اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھا جا سکے۔