قیامت کی ایک اور نشانی پوری: مکہ کے پہاڑ سرسبز ہوگئے
Mountains Of Makkah Turns Green.
لاہور: (ویب ڈسک) دنیا کا اختتام قریب، قیامت کی ایک اور نشانی پوری، سعودی عرب کے پہاڑ سرسبز ہوگئے ہیں۔

 سعودی عرب میں گزشتہ ہفتے شروع ہونے والی شدید بارش کے بعد مکہ مکرمہ کے پہاڑ سرسبز ہوگئے ہیں، بارش کے باعث متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوگئی ہے۔

ان تصاویر میں مکہ کے پہاڑوں کو سرسبز و شاداب دکھایا گیا ہے، یہ ایک ایسا نظارہ ہے جسے مسلمان قیامت کے قریب آنے کی علامت کے طور پر تعبیر کرتے ہیں۔

مکہ مکرمہ سے آنے والی ویڈیوز میں زائرین کو طوفانی بارش اور آسمانی بجلی کے درمیان عمرہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ مدینہ منورہ میں سڑکوں پر پانی بھر گیا، کاریں بارش کے پانی میں پھنس گئیں۔

موسمی حالات کی نگرانی اور ان سے نمٹنے کے لیے ہزاروں کارکن مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں تعینات کیے گئے تھے۔

ملک کی وزارت حج و عمرہ نے بارش کے دوران مسجد الحرام میں حج کرنے والے عازمین کے لیے ہدایات جاری کیں۔

انہیں لوگوں کے بڑے گروپوں سے گریز کرنے، ایسکلیٹرز اور راہداریوں پر احتیاط برتنے اور سیکیورٹی عملے کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا۔

شدید موسمی حالات نے سعودی حکام کو رہائشیوں اور زائرین کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کرنے پر مجبور کیا، اور ان پر زور دیا کہ وہ ایسے علاقوں سے گریز کریں جہاں پانی کھڑا ہو۔

عرب نیوز کے مطابق، سعودی ہلال احمر شدید موسمی حالات کا جواب دینے کے لیے ہائی الرٹ پر تھا، کیونکہ قومی مرکز برائے موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کی تھی۔