غزہ میں اسرائیلی بربریت تاحال جاری
Gaza City Destroyed by Israili Bombing
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلسل تین سو تیس ویں روز غزہ کی پٹی پر قابض اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے۔

 جنگ میں ہونے والے نقصان اور تباہی کی تفصیلات سامنے آگئیں، غزہ کی وزارت صحت کی تازہ رپورٹ کے مطابق  اب تک 40 ہزار 738 افراد شہید ہوچکے ہیں۔

غزہ پر اسرائیلی بربریت 11ویں مہینے میں داخل ہوچکی ہے، معصوم فلسطینیوں پر بارود کی بارش جاری ہے۔ غزہ وزارت صحت کی جانب سے دل دہلا دینے والی تازہ رپورٹ جاری کردی گئی۔

وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر2023 سے اب تک 40 ہزار738 فلسطینی شہید جبکہ 94,154 زخمی ہوچکے ہیں۔

تازہ رپورٹ کے مطابق قابض فوج نے پچھلے سال 7 اکتوبر کے بعد سے غزہ میں 3 ہزار 5 سو 37 بار اجتماعی قتل عام کیا ہے۔

رپورٹ کے مطاب 40 ہزار 737 شہدا کی تدفین ہوچکی ہے جبکہ 10ہزار سے زائد افراد تا حال لاپتہ ہیں۔

شہید بچوں کی تعداد 16ہزار673 ہے جبکہ 115 بچے پیدا ہوئے اور نسل کشی کی جنگ میں ان میں سے 36 نومولود شہید ہوئے۔ غزہ کی پٹی میں اب تک 20 لاکھ  سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 122 اسکول اور یونیورسٹیاں مکمل طور پر تباہ جبکہ 334 اسکول اور یونیورسٹیاں جزوی طور پر تباہ کی گئیں۔

نسل کشی کی اس جنگ میں غزہ میں مجموعی طور پر اب تک 33 ارب ڈالرز کے  نقصانات ہوئے۔