مدینہ منورہ میں حضرت محمد ﷺ کی تاریخی مسجد الغمامہ
Image
مدینہ منورہ:(ویب ڈیسک) مدینہ منورہ، اسلام کے مقدس ترین شہروں میں سے ایک، اپنی تاریخی مساجد اور مقامات کی وجہ سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
 
 ان مقدس مقامات میں ایک خصوصی اہمیت رکھنے والی مسجد الغمامہ ہے، جو کہ نہ صرف اپنے تاریخی پس منظر کی وجہ سے مشہور ہے بلکہ اس کی تعمیراتی خصوصیات بھی اسے منفرد بناتی ہیں۔
 
مسجد الغمامہ، مسجد نبوی ﷺ کے بالکل سامنے، باب السلام گیٹ سے تقریباً 500 میٹر جنوب وسط میں واقع ہے۔
 
 اس مسجد کی اہمیت اس وقت اور بھی بڑھ جاتی ہے جب ہم جانتے ہیں کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ نے اس مسجد میں دو مرتبہ عید کی نماز ادا فرمائی۔
 
 سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، یہ وہی مقام ہے جہاں حضرت محمد ﷺ نے بارش کی دعا بھی کی تھی اور بادلوں نے اس مقام کو ڈھانپ لیا تھا، جس کی وجہ سے اس کا نام مسجد الغمامہ پڑ گیا۔ عربی زبان میں "غمامہ" کا مطلب بادل ہے۔
 
مسجد الغمامہ کی تاریخ بتاتی ہے کہ یہ پہلی مسجد تھی جسے خلیفہ عمر بن عبدالعزیز نے اپنے دور خلافت میں تعمیر کروایا۔
 
 اس مسجد کی تعمیر میں سیاہ بسالت پتھر کا استعمال کیا گیا ہے، جو اسے ایک منفرد اور دلکش نظر دیتا ہے۔ 
 
مسجد کا دروازہ گول ہے اور لکڑی سے بنایا گیا ہے، جو عثمانیہ دور کے فن تعمیر کی عکاسی کرتا ہے۔ مسجد کے اندرونی حصے میں پانچ چھوٹے اور ایک بڑا گنبد موجود ہے، جو سفید رنگ میں رنگے ہوئے ہیں۔
 
مسجد الغمامہ کا اسٹرکچر اور اس کے احاطے میں موجود کھجور کے درخت اور کبوتر اس مسجد کی رونق کو مزید بڑھا دیتے ہیں۔ شمال وسط میں موجود مینار اور مسجد کے ارد گرد کا ماحول اسے ایک پرسکون اور روحانی مقام بناتا ہے۔
 
مسجد الغمامہ کا آرکیٹیکچر عثمانیہ دور کی عکاسی کرتا ہے، خاص طور پر سلطان عبدالمجید اول کے دور کے فن تعمیر سے مماثلت رکھتا ہے۔ یہ مسجد نہ صرف ایک تاریخی ورثہ ہے بلکہ آج بھی مسلمانوں کے لئے ایک مقدس مقام ہے جہاں لوگ عبادت کے لئے آتے ہیں۔
 
مسجد الغمامہ کی تاریخی اہمیت اور اس کی خوبصورتی نے اسے مدینہ منورہ کی مقبول ترین مساجد میں شامل کر دیا ہے۔ یہ مسجد نہ صرف مدینہ منورہ کی تاریخ کا ایک حصہ ہے بلکہ اسلامی تاریخ اور ثقافت کا بھی ایک قیمتی اثاثہ ہے۔
 
مدینہ منورہ کی مسجد الغمامہ: ایک متبرک مقام
 
مدینہ منورہ میں مسجد الغمامہ ایک تاریخی اور متبرک مسجد ہے، جس کی اہمیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعا سے منسوب ہے۔ 
 
اسلامی کتب میں تحریر ہے کہ ایک مرتبہ مدینہ منورہ شدید قحط کا شکار تھا، یہاں تک کہ انسان، جانور اور درخت سب سوکھ چکے تھے۔ اس صورتحال میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس مقام پر سخت دھوپ میں اللہ تعالی کی بارگاہ میں بارش کی دعا کی۔
 
 دوران دعا ایک بادل کا ٹکڑا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سر مبارک پر سایہ فگن ہوگیا اور مدینہ منورہ میں فوری طور پر بارش شروع ہوگئی، جس سے پورا شہر ہرا بھرا ہوگیا۔ اس وقت حضرت امام حسن علیہ السلام بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ تھے۔ اسی واقعہ کی مناسبت سے اس مقام پر بنائی گئی مسجد کا نام "مسجد الغمامہ" رکھا گیا، کیونکہ عربی میں "غمامہ" کا مطلب بادل ہے۔
 
مسجد الغمامہ وہی مقام ہے جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عید کی نمازیں بھی ادا کیں اور قربانی کے جانور نحر کیے۔ اس کے علاوہ، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسی مقام پر حبشہ کے بادشاہ نجاشی کی وفات کی خبر دی، جو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرتا تھا اور دائرۂ اسلام میں داخل ہوچکا تھا۔ 
 
نجاشی کی موت کی خبر جب آئی تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسی مقام پر ان کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔
 
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب کسی سفر سے مدینہ منورہ واپس آتے تھے تو اس مقام سے گزرتے ہوئے قبلہ رخ ہو کر اللہ کریم سے دعائیں مانگتے تھے۔ مسجد الغمامہ کی یہ تمام خصوصیات اسے ایک مقدس اور تاریخی مقام بناتی ہیں، جہاں آج بھی مسلمان عبادت کے لیے آتے ہیں۔