جولین اسانج آسٹریلیا پہنچ گئے
June, 26 2024
سڈنی:(ویب ڈیسک) وکی لیکس کے بانی جولین اسانج اپنے ملک آسٹریلیا پہنچ گئے ہیں۔
جہاز سے اترتے ہی انہوں نے اپنی بیوی اوروالد کو گلے لگا لیا۔ اسانج کو 14 سال کی طویل قانونی لڑائی کے بعد رہا کیا گیا ہے۔
امریکا کے ساتھ معاہدے کے تحت جولین اسانج کو امریکی عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کرنا پڑا۔
امریکی حکومت نے اسانج کے لیے 62 ماہ قید کا مطالبہ کیا ۔
جج اس مطالبے کو مان لیتے اور سزا سنا دیتے لیکن وہ پہلے ہی اتنا وقت برطانوی جیل میں گزار چکے تھے۔ اس وجہ سے جولین اسانج کو عدالت سے رہا کر دیا گیا۔
جولین اسانج کے آسٹریلیا پہنچنے کے بعد ان کی اہلیہ سٹیلا اسانج نے صحافیوں سے بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ جولین پریس کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔
سٹیلا نے کہا کہ جولین کو عوام میں بولنے سے پہلے صحت یاب ہونے کے لیے وقت درکار ہے۔
سٹیلا نے کہا، "جولین کو صحت یاب ہونے اور اپنی آزادی کی عادت ڈالنے کے لیے وقت درکار ہے۔ آپ کو سمجھنا ہو گا کہ وہ کس دور سے گزر رہا ہے۔"
انہوں نے کہا کہ جولین اب بھی اصول پسند اور نڈر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے امید ہے کہ میڈیا جولین کے خلاف اس امریکی مقدمے کے خطرے کو بھانپ لے گا، جو کہ عوامی مفاد میں خبریں جمع کرنے اور معلومات شائع کرنے کو جرم سمجھتا ہے اور اس کی سزا اسے دے چکا ہے‘۔
سٹیلا نے دہرایا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ جولین کو امریکی صدر سے معافی مل جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اگر پریس مل کر اس کے خلاف حرکت میں آئے تو انہیں معاف کر دیا جائے گا۔