معروف برینڈ کے شوز انٹرنیٹ پر مذاق بن گئے
Image
پیرس: (ویب ڈیسک )فیشن شو میں انٹرنیشنل لگژری فیشن برانڈ کی جانب سےمتعارف کروائے جانے والے انوکھے ڈیزائن والے جوتے انٹرنیٹ پر مذاق کی نذر ہوگئے۔
 
 
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانسیسی برانڈ لوئس ویٹون نے منعقدہ کروز 2025 ءشو میں خواتین کیلئے نئے ڈیزائن کے جوتے کی نقاب کشائی کی۔ برانڈ کا متعارف کردہ ڈیزائن صارفین کو ایک آنکھ نہیں بھایا جس کے باعث اس کے مضحکہ خیز ڈیزائن کو لے کر کافی باتیں بننا شروع ہوگئی ہیں۔
 
منظر عام پر آنے والے ڈیزائن کے مطابق جوتے کے اوپری حصے میں پٹے کے ساتھ بھورے رنگ کا ایک ٹکڑا لگا ہوا ہے جب کہ نیچے کی طرف سیاہ جھالریں لٹکی ہوئی ہیں جسے دیکھ کر لگتا ہے کہ جیسے کوئی برش ہے۔
 
یہ جھالر والے جوتے لوئس ویٹون سے وابستہ  فیشن ڈیزائنر کی اختراع ہیں۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے برانڈ کے نئے جوتوں کے ڈیزائن پر طرح طرح کے کمنٹس کیے گئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ لوئس، تم مجھے بہت پسند ہو واقعی میں سچ کہہ رہا ہوں لیکن یہ جوتے اوہ مائی گاڈ مجھے پتہ نہیں کیوں شتر مرغ کی یاد دلاتے ہیں۔
 
ایک شخص نے تبصرہ کیا کہ کیا یہ اپریل فول کا دن ہے؟ جبکہ دوسرے صارف نے لکھا کہ گاڑی صاف کرنے والا برش لگ رہا ہے۔