یوٹیوب نے گیمنگ مواد کے لیے بڑی پالیسی میں تبدیلی کا اعلان کردیا
YouTube
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): یوٹیوب اگلے ماہ نئی پالیسیوں کا نفاذ کرنے جا رہا ہے جن کا ہدف آن لائن جوا اور حقیقت سے قریب تشدد پر مبنی گیمنگ ویڈیوز ہوں گی۔

یہ نئے قواعد 17 نومبر 2025 سے نافذ ہوں گے اور ان کا مقصد یوٹیوب کے معیار کو عالمی ضوابط اور بدلتے ہوئے ڈیجیٹل رجحانات کے مطابق بنانا ہے۔

ٹیم یوٹیوب کے جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق پلیٹ فارم خاص طور پر جوا اور پرتشدد گیمنگ مواد کے حوالے سے اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز کے نفاذ کو سخت کر رہا ہے۔

اگرچہ یوٹیوب پہلے ہی تخلیق کاروں کو غیر منظور شدہ جوئے بازی کی ویب سائٹس کے لنکس دینے سے روکتا ہے، نئی پالیسی کے تحت اب ایسے آن لائن جوا بھی شامل ہوں گے جن میں حقیقی دنیا میں قیمت رکھنے والی ڈیجیٹل اشیاء استعمال ہوتی ہیں جیسے ویڈیو گیم اسکِنز، این ایف ٹی اوران-گیم کاسمیٹکس۔

یوٹیوب کے مطابق زیادہ تر تخلیق کاروں کو معمولی اثرات کا سامنا ہوگا، تاہم انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 17 نومبر سے پہلے اپنے مواد کا جائزہ لیں۔ پرانی ویڈیوز جو نئی پالیسی کی خلاف ورزی کریں گی، انہیں حذف یا عمر کی حد کے ساتھ محدود کیا جا سکتا ہے مگر ان پر کوئی اسٹرائیک نہیں لگے گا۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل کروم استعمال کرنے والوں کے لیے نیا سکیورٹی الرٹ جاری

تخلیق کار یوٹیوب کے ٹرم یا بلر (blur) ٹولز استعمال کر کے اپنی ویڈیوز میں تبدیلی کر سکیں گے اور اپیل کا حق برقرار رہے گا۔

یہ تبدیلیاں اس وقت سامنے آئی ہیں جب دنیا بھر میں ویڈیو گیمز میں لوٹ باکسز اور ڈیجیٹل جوا پر بڑھتی ہوئی نگرانی کی جا رہی ہے۔ 2025 کی دوسری سہ ماہی میں یوٹیوب نے 9.79 بلین ڈالر کی آمدنی حاصل کی اور یہ پالیسی اپ ڈیٹ ایک اہم تبدیلی کے طور پر سامنے آئی ہے جو گیمنگ تخلیق کاروں کے مواد، کمائی اور ناظرین کی حکمتِ عملی کو متاثر کرے گی۔